نبیرۂ حضور صدر الشریعہ مفتی فیضان المصطفیٰ قادری صاحب قبلہ دامت برکاتہم العالیہ
نام : نبیرۂ حضور صدر الشریعہ مفتی فیضان المصطفیٰ قادری صاحب قبلہ دامت برکاتہم العالیہ
نسب: مفتی فیضان المصطفےٰ قادری بن حضرت علامہ فداء المصطفےٰ قادری بن صدر الشریعہ ،بدر الطریقہ ،فقیہ اعظم ،حکیم ابو العلا امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ (مصنف بہار شریعت )
ولادت : 19 جولائی 1973 ء بمطابق 19 جمادی الاخرٰی 1393 ھ
تعلیم و تربیت : آپ کی ابتدائی تعلیم اپنے گھر قادری منزل ،گھوسی میں ہوئی اور مدرسہ اہلسنت شمس العلوم گھوسی میں متوسطات تک تعلیم حاصل کی،اپریل 1991ء میں جامعہ اشرفیہ مبارکپور میں درجۂ رابعہ میں داخل ہوئے اور وہیں سے 1996ء میں سند فراغت حاصل کی ۔ حضور علامہ ارشد القادری علیہ الرحمہ کے قائم کردہ ادارہ جامعہ حضرت نظام الدین اولیاء دہلی میں ایک سال رہ کر عربی اور انگریزی زبان و ادب پر خصوصی عبور حاصل کیا ۔
تدریسی خدمات : تعلیم سے فراغت کے بعد 22 سال کی عمر میں آپ نے با ضابطہ تدریس کا آغاز فرمایا ۔ 1997 ء سے 2003 تک آپ نے جامعہ امجدیہ رضویہ گھوسی یو پی میں تدریس کے فرائض انجام دئیے ۔ 2003 میں امریکہ تشریف لے گئے اور وہاں پانچ سالوں تک امامت و خطابت، درس قرآن و حدیث اور دعوت و تبلیغ کی خدمات انجام دیں ۔
2008 میں واپس آئے اور جامعہ امجدیہ رضویہ گھوسی میں دوبارہ تدریس سے وابستہ ہوئے اور چار سالوں تک بحیثیت شیخ الحدیث تدریسی امور انجام دئیے ۔ 2012 ء میں امریکہ والوں کے پیہم اصرار کے سبب حضور محدث کبیر کی اجازت سے آپ دوبارہ امریکہ تشریف لے گئے،اس بار درس نظامی انگلش میڈیم کے لئے آپکو دعوت دی گئی تھی اس لئے انگلش زبان میں مکمل درس نظامیہ کی تعلیم و تدریس کا آغاز کیا ۔اور سات سال کی سخت محنت و مشقت سے آپ نے درس نظامیہ ماہرین کی ایک ٹیم تیار کر دی اور نومبر 2019 ء میں ادارہ کی ذمہ داری ان کے حوالے کر کے واپس ہندوستان تشریف لے آئے۔
2020 ء میں آپ نے اردو زبان میں یک سالہ تخصص فی العقائد و الکلام کی آن لائن کلاس اور یورپ و امریکہ والوں کے لئے انگلش زبان میں دو سالہ تخصص فی الفقہ کی کلاس کا آغاز کیا ۔ تخصص فی العقائد والکلام کے پہلے سال میں ہند و پاک اور یورپ و امریکہ کے تقریباً 300 سے زائد فارغین اور اہل ذوق حضرات نے داخلہ لیا۔ 2021 ء میں آپ نے باقاعدہ “تاج الشریعہ آن لائن انسٹی ٹیوٹ انٹرنیشنل ” کے نام سے لکھنؤ کی سرزمین پر آن لائن درس نظامی کے شعبہ کی بنیاد ڈالی ،یہ شعبہ جامعہ امام اعظم ابو حنیفہ کا آن لائن شعبہ ہے ۔2021 میں ہی لکھنؤ شہر میں ایک زمین خرید کر آپنے جامعہ امام اعظم ابو حنیفہ کی بنیاد ڈالی جس کی تین منزلہ عمارت ڈیڑھ سال کے عرصے میں پائے تکمیل کو پہنچی ۔اور چھ مئی 2023 ء کو اس کا افتتاح عمل میں آیا اور تخصص فی الفقہ اور درس نظامی اور حفظ کی باقاعدہ آف لائن کلاسیس کا آغاز ہوا ۔
بیعت و ارادت: شیخ الاسلام و المسلمین حضور تاج الشریعہ علیہ الرحمۃ و الرضوان سے آپ کو شرف بیعت حاصل ہے۔
اجازت و خلافت : 2009 ء عرس امجدی کے حسین موقع پر حضور محدث کبیر علامہ ضیاء المصطفےٰ قادری مد ظلہ العالی نے آپ کو اپنی اجازت و خلافت عطا فرمائی ۔ اور 2011 ء میں بریلی شریف کے فقہی سیمینار کے موقع پر حضور تاج الشریعہ علیہ الرحمہ نے آپ کو اپنی اجازت و خلافت سے سرفراز فرمایا ۔
ایوارڈ: ” کشف الاستار حاشیہ شرح معانی الاٰثار ” کی ترتیب اور دیگر اہم علمی کارناموں کی بنیاد پر حضور محدث کبیر اطال اللہ عمرہ نے 2009ء میں عرس امجدی کے موقع پر آپ کو “صدر الشریعہ ایوارڈ” سے سرفراز ۔ النورسوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن امریکہ کی جانب سے 2019 میں آپ کی تعلیمی ،تدریسی خدمات کے اعتراف میں “ایوارڈ آف اکسیلینس” سے نوازا گیا اور ریڈیو بصیرت آف امریکہ کی طرف سے فقہی مباحثہ اور فقہی و اسلامی سوال و جواب کی خدمات کے اعتراف میں “ایوارڈ آف ریکگنیشن ” پیش کیا گیا۔
خدمات افتا نویسی : آپ کو فتویٰ نویسی کا ملکہ اپنے جد امجد حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمہ سے وراثت ملا ہے سیکڑوں فتاوے تحریر فرما چکے ہیں متعدد فتاوے پر حضور محدث کبیر اطال اللہ عمرہ کی تصدیقات ثبت ہیں ، ملک کے مختلف علاقوں سے آپ کے پاس استفتے آتے ہیں جن کے جوابات آپ اردو ،عربی اور انگلش زبان میں تحریر فرماتے ہیں ، سوالات و جوابات اور فقہی مباحثوں پر مشتمل آپ کے آن لائن سیشن بھی مختلف مواقع پر ہوتے ہیں ، جن میں ہر طرح کے سوالات کے جوابات اور علمی نکات پر گفتگو فرماتے ہیں ۔
تحریری و تصنیفی خدمات : آپ کی متعدد کتابیں مطبوع ہیں ،متعدد زیر تصنیف ،متعدد زیر طبع ہیں ، مختلف موضوع پر سیکڑوں مضامین و مقالے ، مختلف رسائل و جرائد میں شامل اشاعت ہیں ۔اردو ،عربی اور انگلش تینوں زبان آپکے تحریری جواہر پارے موجود ہیں ۔ آپ نے رسالہ سہ ماہی”امجدیہ ” کی برسوں تک ادارت فرمائی۔ 2016ء میں ماہنامہ “پیغام شریعت ” دہلی کا اجراء فرمایا جس نے آپ کی ادارت میں چار سالوں تک اہلسنت و جماعت کو علمی طور پر سیراب کیا۔ آپ کی تحریری و تصنیفی خدمات ایک موضوع ہے، جس پر ایک تفصیلی مقالہ رقم کیا جا سکتا ہے ۔یہاں ہم آپ کی تحریری و تصنیفی خدمات پر اختصار کے ساتھ روشنی ڈالتے ہیں۔
- کشف الاستار 2 جلدیں: شرح معانی الاٰثار پر صدر الشریعہ کا حاشیہ تقریباً 70 سالوں سے مخطوطہ کی شکل میں تھا آپ نے 5سال سخت محنت و مشقت اور استقلال کے ساتھ اس مخطوطہ پر کام کیا ۔ جس کے نتیجے میں صدر الشریعہ کا یہ حاشیہ کشف الاستار کے نام سے وجود میں آسکا۔
- تحقیقات صدر الشریعہ (مطبوعہ)
- امام احمد رضا اور علم کلام (الٰہیات، مطبوعہ)
- اشتراک عمل کے تعلق سے اہل سنت و جماعت کا موقف (مطبوعہ)
- “قضیۃ کلمۃ النانوتوی” عربی زبان میں آپ کا یہ تحقیقی رسالہ ہے جو 40 صفحات پر مشتمل ہے(مطبوعہ)
- تذکرۂ تاج الشریعہ (مطبوعہ)
- کتاب الحج (مطبوعہ)
- فدیہ کے احکام (مطبوعہ )
- انوار اعتکاف (مطبوعہ )
- مصنف اعظم نمبر (مطبوعہ ) صد سالہ عرس رضوی کے موقع پر ماہنامہ پیغام شریعت دہلی کی طرف سے یہ خصوصی شمارہ تقریباً 1000 صفحات پر مشتمل آپ کا ایک اہم کارنامہ ہے۔ اس میں 32 علوم و فنون پر اعلیٰ حضرت کی مہارت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ جس میں آپ کے 3 /اہم مضامین اور ایک تفصیلی اداریہ بھی شامل ہے۔
- بہار شریعت پر ایرادات کا تجزیہ (زیر تصنیف ) اس کتاب میں بہار شریعت پر اپنوں اور غیروں کے اعتراضات کا تجزیہ اور ان کا تحقیقی جواب ہے ۔
- امام احمد رضا اور اکابر امت کا دفاع (زیر ترتیب ) اس کی چند قسطیں ماہنامہ پیغام شریعت میں شائع ہو چکی ہے۔
- الملفوظ کے موجودہ نسخہ کی ترتیب آپ ہی کی محنت کا ثمرہ ہے یہ نسخہ سات مختلف نسخوں سے تیار کیا گیا ہے ۔ اس پر آپ کا ایک معلوماتی مقدمہ ہے جو 30 صفحات پر مشتمل ہے ۔ (مطبوعہ )
- صدر الشریعہ حیات و خدمات : یہ کتاب 1997ء میں صدر الشریعہ کے سیمنار کے موقع پر پیش کئے گئے مقالات کا مجموعہ ہے ۔ جسے آپ نے مرتب کیا ہے ۔ اس مجموعہ میں موصوف کے متعدد مضامین شامل ہیں ۔(مطبوعہ )
- تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کا امریکی نو مسلم اسکالر “نوح حامیم کیلر “کے رد میں انگریزی زبان میں لکھے گئے رسالہ اور خلاصہ جو تقریباً 50 صفحات پر مشتمل ہے اس خلاصہ کو خود حضور تاج الشریعہ علیہ الرحمہ نے شائع کروایا (مطبوعہ )
- امام احمد رضا اور علم کلام ( نبوات ) (زیر تصنیف )
- امام احمد رضا اورعلم کلام ( سمعیات ) (زیر تصنیف )
- تعلیقات بخاری ( زیر تصنیف )
- شرح عقود رسم المفتی پر عربی زبان میں حاشیہ ( زیر تصنیف )
- حضرت سعد بن وقاص رضی اللہ عنہ ( زیر طباعت )
- تحقیقات امام علم و فن کی ترتیب جدید مع مبسوط مقدمہ ( زیر طباعت )
- فتاویٰ امجدیہ کی جدید ترتیب ( زیر ترتیب )
- رسالہ سہ ماہی امجدیہ میں لکھے گئے تقریباً 60 مضامین
- ماہنامہ پیغام شریعت کے لئے لکھے گئے تقریبا ً 50 مضامین
- دیگر رسائل اور خصوصی نمبرات کے لئے لکھے گئے تقریبا ً 50 مضامین
- مختلف فقہی ،ادبی ، شخصی سیمناروں کے لئے لکھے گئے درجنوں مقالات
- متعدد کتب و رسائل پر عربی ،اردو اور انگلش زبان میں مقدمات و تاثرات و تقریظات
اشاعتی خدمات : آپ نے مکتبہ رضائے مصطفےٰ کے نام سے ایک اشاعتی ادارہ دہلی میں قائم فرمایا ہے جس میں جدید کتب اہل سنت کی اشاعت کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے ۔ اسی ادارہ سے ” ماہنامہ پیغام شریعت ” دہلی جاری ہوا ۔یہ مکتبہ اب دہلی سے لکھنؤ منتقل ہو گیا ۔
تقریری و تبلیغی خدمات : آپ علاقہ اور ملک کے مختلف شہروں میں تقریری و تبلیغی دورے فرماتے ہیں ۔ اللہ رب العزت نے آپ کو تقریر و تبلیغ کا منفرد ملکہ عطافرمایا ہے ۔ آپ مدلل ،علمی اور دلچسپ گفتگو فرماتے ہیں ۔ اہل علم اور عوام ہر طبقہ آپ کی تقریر دلچسپی سے سنتا ہے ۔
سماجی خدمات : سماجی خدمات میں بھی آپ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں آپ کے ذریعہ سالوں سے علاقے کی کثیر بیواؤں کی مالی امداد کی جاتی رہی اور غریب حفاظ کی تعلیم کے لئے ہر ماہ اخراجات کا انتظام کیا ۔ یونہی ماہ رمضان میں اناج اور غلوں کے ذریعہ غریبوں کی امداد کی جاتی ہے لاک ڈاؤن جیسی مصیبت میں آپ نے غریبوں کے لئے ہر قسم کی امداد کا انتظام کروایا ۔
تعمیری و تعلیمی خدمات : آپ نے لکھنؤ کی ادبی سر زمین پر اپنی نوعیت کا ایک منفرد ادارہ جامعہ امام اعظم ابو حنیفہ کے نام سے قائم فرمایا جس کا جشن افتتاح مورخہ 6 مئی 2023ء کو قائد ملت جانشین تاج الشریعہ حضرت علامہ مفتی محمد عسجد رضا خان قادری قاضی القضاۃ فی الہند و سربراہ اعلیٰ جامعۃ الرضا بریلی شریف اور حضور محدث کبیر علامہ ضیاء المصطفےٰ قادری صاحب قبلہ سربراہ اعلیٰ جامعہ امجدیہ رضویہ گھوسی اور دیگر اکابرکے ذریعہ ہوا۔ جہاں معیار نصاب تعلیم اور جدید نظام تعلیم کے ساتھ دینی و عصری علوم کی تدریس کا بہترین نظام ہے ۔ خصوصاً رضویات اور عربی ،انگریزی زبان وا دب کی خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔امسال اچھی تعداد میں بیرونی طلبہ کا بھی داخلہ لیا گیا اور عمدہ نظم و نسق کے ساتھ ان کی تعلیمی سلسلہ جاری و ساری ہے ۔
مناصب : آپ کئی مساجد و مدارس کے سربراہ بانی اور صدر ہونے کے ساتھ ساتھ مشرقی ہند کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ فیض العلوم میں بحیثیت ناظم تعلیمات جامعہ کے معیار تعلیم کو بلند سے بلند تر بنانے میں کوئی دقیقہ فرد و گزاشت نہیں کر رہے ہیں ۔ معیاری نصاب تعلیم کی ترتیب جدید کے ساتھ ہر مہینہ دو مہینے میں جامعہ تشریف لا کر اس کی علمی ترقی کا جائزہ لیتے رہتے ہیں اور اساتذہ سے باہمی مشورے کے بعد طلبہ سے ملاقات کر طلبہ کی تعلیمی رکاوٹوں کا ازالہ فرماتے ہیں ۔ رخصت پر گئے بعض اساتذہ کی خالی گھنٹیوں میں اشکالات متعلقہ کتابوں کا بذریعہ پراجیکٹ و جدید آلات تکنیکی آن لائن درس بھی دیتے ہیں ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مفتی صاحب قبلہ سے مزید دینی خدمات لے اور آپ کے وقت اور کام میں بے پناہ برکتیں عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔
از قلم – حضرت مولانا عبد الحنان رضوی چترویدی صاحب قبلہ (استاذ مدرسہ فیض العلوم ،جمشیدپور، جھارکھنڈ )